ڈانٹنے پر 14 سالہ بیٹے نے باپ کو زندہ جلا دیا

Webdesk
|
19 Feb 2025
نئی دہلی: فرید آباد کے علاقے اجے نگر پارٹ 2 میں ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، 14 سالہ لڑکے نے اپنے والد کو آگ لگا کر قتل کر دیا۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لڑکے کو باپ نے چوری کے شبہ میں ڈانٹا تھا، جس پر اس نے طیش میں آکر انتہائی قدم اُٹھایا۔
یہ واقعہ تقریبا 2 بجے منگل کی رات پیش آیا۔ مکان مالک ریاض الدین نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ وہ اچانک محمد علیم کی چیخوں سے جاگے۔
ریاض الدین کے مطابق جب میں چھت کی طرف جانے لگا، تو دروازہ بند تھا۔ میں نے ایک پڑوسی کی مدد سے دروازہ کھلوایا، تو دیکھا کہ کمرے میں آگ لگی ہوئی تھی اور علیم چلا رہا تھا۔
جب دروازہ توڑا گیا، تو محمد علیم شدید جھلسنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کا بیٹا کسی اور مکان میں کود کر فرار ہو گیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ علیم نے اپنے بیٹے پر جیب سے پیسے چرانے کا الزام لگایا تھا۔ غصے میں آ کر لڑکے نے مبینہ طور پر کوئی آتش گیر مادہ اپنے والد پر چھڑک کر آگ لگا دی۔ پولیس نے لڑکے کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
Comments
0 comment