11 hours ago
مالدیپ نے اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد پر پابندی عائد کر دی

Webdesk
|
15 Apr 2025
مالدیپ کی حکومت نے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مالدیپ کی پارلیمان سے منظوری کے بعد اس فیصلے کی توثیق صدر محمد معیزو نے بھی کردی جو فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔
مالدیپ کے صدر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق امیگریشن قانون میں یہ ترمیم اسرائیل کی غزہ میں کی جانے والی "ظالمانہ کارروائیوں" کی مذمت کے طور پر کی گئی ہے۔
اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد نئے قانون کے تحت مالدیپ میں داخل نہیں ہو سکیں گے، تاہم دہری شہریت رکھنے والے افراد کسی دوسرے ملک کے سفری دستاویزات کے ذریعے ملک میں داخل ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ صرف 2023 میں 11 ہزار سے زائد اسرائیلی سیاح مالدیپ پہنچے تھے، تاہم غزہ میں جاری تنازع کے باعث 2024 میں یہ تعداد کم ہو گئی۔
مالدیپ کی جانب سے پابندی کے جواب میں اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں، خصوصا دہری شہریت رکھنے والوں کو مالدیپ کا سفر نہ کرنے اور وہاں سے نکلنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ وہاں قونصلر خدمات محدود ہیں۔
Comments
0 comment