رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد نبوی میں 1 کروڑ افراد کی آمد

ویب ڈیسک
|
13 Mar 2025
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عبادت کی سعادت حاصل کرنے کے لیے دنیا بھر سے مسلمان کثیر تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق، مسجد نبوی میں معتمرین اور عبادت گزاروں کی بڑی تعداد موجود ہے، جہاں سحر و افطار کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
گرمی سے بچاؤ کے لیے بھی خاص اقدامات اٹھائے گئے ہیں، جیسے کہ افطار کے بعد ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انتظامی امور کے نگران کے مطابق، رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں مسجد نبوی کی چھتوں اور صحنوں میں نمازیوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
مسجد نبوی کے اطراف میں ٹریفک کنٹرول کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ معتمرین اور نمازیوں کی آمد و رفت آسان ہو سکے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی اہلکار اور خادمین نمازیوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے موجود ہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے بے مثال انتظامات اور خدمات کی وجہ سے ہر سال مسجد نبوی آنے والے معتمرین اور عبادت گزاروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے رمضان المبارک میں معتمرین اور عبادت گزاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ان انتظامات کے تحت، مسجد نبوی میں عبادت کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ آرام اور سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے ان کی عبادت کا تجربہ مزید بہتر ہو رہا ہے۔
Comments
0 comment