اڑیسہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش پر پرتشدد مظاہرے، حالات کنٹرول سے باہر

ویب ڈیسک
|
6 Oct 2025
اڑیسہ کے تاریخی شہر کٹک میں مذہبی کشیدگی کے بعد تشدد بھڑک اٹھا، جس کے دوران کئی دکانوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
حالات قابو سے باہر ہونے پر انتظامیہ نے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی اور علاقے میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو گروہوں کے درمیان معمولی تکرار نے شدت اختیار کر لی۔ دیکھتے ہی دیکھتے صورتحال بگڑ گئی اور مشتعل افراد نے بازاروں میں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔
پولیس نے ہنگامہ روکنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کٹک میں امن و امان بحال کرنے کے لیے بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور حساس علاقوں میں مسلسل گشت جاری ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن برقرار رکھیں۔
دوسری جانب، انسانی حقوق کی تنظیموں نے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات شہری آزادیوں پر قدغن ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، کشیدگی کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ حالات کو جلد معمول پر لایا جا سکے۔
Comments
0 comment