1 hour ago
اسرائیل کے شامی ائیربیس پر 8 فضائی حملے
Webdesk
|
18 Aug 2026
تل ابیب: شمال مغربی شام میں واقع ابو الظہور ملٹری ایئربیس پر آج صبح 8 اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے جن میں رن وے اور اسٹوریج تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک فوجی ذریعے اور اڈے کے قریب رہائش پذیر ایک شہری کے مطابق ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترک سرحد سے تقریبا 70 کلومیٹر دور واقع یہ ائیربیس 2013 سے غیر فعال تھا اور شام کی 14 سالہ خانہ جنگی کے دوران کبھی سابق صدر بشار الاسد کی وفادار فورسز اور کبھی اپوزیشن دھڑوں کے قبضے میں آتا رہا ہے۔
فوجی ذریعے کے مطابق 2024 کے اواخر میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اس اڈے کو شام کی نئی فوج کے لیے ایک تربیتی مرکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اگست کے اوائل میں شام نے ملک کے شمالی حصے میں روسی ساختہ MiG-21 لڑاکا طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فضائی مشقیں کی تھیں جو بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اس نوعیت کی پہلی مشقیں تھیں۔
دریں اثنا شام اور عراق کے لیے امریکا کے خصوصی صدارتی ایلچی ٹام بیرک نے منگل کے روز کہا کہ شمال مغربی شام کے ابو الظہور ملٹری ائیربیس پر اسرائیلی فضائی حملے ایک غیر ضروری اشتعال انگیزی ہیں جن سے علاقائی استحکام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں امریکی سفیر ٹام بیرک نے کہا کہ امریکا کو ان حملوں پر گہری تشویش ہے۔
Comments
0 comment