یمن میں امریکی فضائی حملے میں ہلاکتیں، متعدد زخمی

ویب ڈیسک
|
14 Apr 2025
صنعا: یمن کے دارالحکومت صنعا میں امریکی فضائی حملے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔
حوثی تنظیم انصاراللہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوجی طیاروں نے صنعا کے علاقے بنی مطر میں ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا۔
حوثی ذرائع کے مطابق، اتوار کو امریکی فضائیہ نے صعدہ اور حدیدہ شہروں پر بھی حملے کیے۔ یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جنہیں امریکا بحیرہ احمر میں جہازوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کا عمل قرار دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے 15 مارچ سے حوثیوں کے خلاف باقاعدہ فضائی مہم کا آغاز کیا تھا۔
حوثی گروپ نے اسرائیل اور امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی متعدد کوششیں کی ہیں، جنہیں وہ غزہ کے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دیتا ہے۔
بین الاقوامی مبصرین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر تنازعے کے سیاسی حل کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ اس حملے کے بعد یمن میں انسانی صورت حال کے مزید بگڑنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
Comments
0 comment