ایران نے 100 سے زائد بیلسٹک میزائل اسرائیل پر داغ دیے
ویب ڈیسک
|
1 Oct 2024
ایران نے حسن نصر اللہ اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لینے کیلیے اسرائیل پر 102 بیلسٹک میزائل فائر کردیے۔
ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد مقبوضہ بیت المقدس، تل ابیب سمیت دیگر علاقوں میں ایمرجنسی سائرن بجائے گئے جبکہ عوام کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے فائر کیے گئے راکٹ میں سے چند ایک تل ابیب میں گرنے کی اطلاع ملی ہے جس میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بند کردی جبکہ ایئرپورٹس پر موجود مسافروں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔
ایران کی مزاحمتی تنظیم پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی راکٹس کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کرنے کیلیے سسٹمز کو متحرک کردیا ہے اور ہر ممکن کوشش کر کے حملے کو ناکام بنایا جائے گا۔
Comments
0 comment