یوکرینی خاتون کا اسلام قبول کرنے کے چند گھنٹے بعد انتقال
Webdesk
|
31 Mar 2024
یو اے ای: یوکرائنی 29 سالہ خاتون اسلام قبول کرنے کے چند گھنٹے کے بعد ہی خالق حقیقی سے جا ملیں، نماز جنازہ میں عوام کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق داریا کوٹسارینکو نامی یوکرائنی خاتون بطورِ سیاح یو اے ای پہنچیں تھیں۔ اُنہوں نے یہاں سیاحت کے ساتھ ساتھ اپنے لیے نوکری بھی تلاش کرنا شروع کردی تھی۔
یو اے ای میں داریا کوٹسارینکو کو نہ صرف بہترین کیریئر کے مواقع ملے بلکہ وہ دینِ اسلام کی خوبصورتی اور سادگی سے بھی بیحد متاثر ہوئیں اور اُنہوں نے 25 مارچ کو یہاں اسلام قبول کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے چند گھنٹے کے بعد ہی خاتون کو دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے اُن کا انتقال ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام قبول کرنے سے قبل داریا کوٹسارینکو کا تعلق مسیحی مذہب سے تھا جبکہ جس وقت اُن کا انتقال ہوا تو وہ روزے کی حالت میں تھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ’جنازہ یو اے ای‘ کی جانب سے ایک پوسٹ جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ خاتون کا دبئی میں کوئی رشتہ دار موجود نہیں تھا، وہ یہاں اکیلی ہی رہ رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا کہ خاتون کی نمازِ جنازہ القصیٰ قبرستان کی مسجد میں ادا کی گئی جہاں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
Comments
0 comment