پاکستان میں رواں سال کا پولیو کا 16واں کیس رپورٹ
ویب ڈیسک
|
23 Aug 2024
پاکستان میں پولیو وائرس کا 16واں اور سندھ میں تیسرا کیس سامنے آگیا ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) سندھ کے مطابق حیدرآباد میں ایک 29 ماہ کی بچی پولیو کے سبب معذور ہوگئی ہے۔ متاثرہ بچی کے جسمانی فضلے میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جو کہ پولیو وائرس کی سب سے خطرناک قسم ہے۔
ای او سی سندھ کے مطابق حیدرآباد کے اس کیس کا تعلق 8 مئی کو حاصل کردہ مثبت ماحولیاتی نمونوں سے ہے۔
سندھ سے رواں سال میں یہ پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ ہوا ہے، مجموعی طور پر پاکستان میں رواں سال اب تک پولیو وائرس کے تصدیق شدہ 12 کیسز بلوچستان،3 کیسز سندھ سے اور 1 کیس پنجاب سے بھی رپورٹ کیا جاچکا ہے۔
ای او سی سندھ نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس مہلک مرض سے بچا جا سکے۔
Comments
0 comment