بھٹو خاندان کرپٹ اور جرائم پیشہ ہے، عمران خان کا سندھ کے نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام
ویب ڈیسک
|
29 Dec 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین نے اڈیالہ جیل سے سندھ کے نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام جاری کردیا۔
اپنے وکلا کی وساطت سے جاری پیغام میں عمران خان نے سندھ کے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نظامِ سیاست و حکومت کی اصلاح و تبدیلی کی سب سے زیادہ ضرورت سندھ کے عوام کو ہے، ایک کرپٹ، حریص اور جرائم پیشہ خاندان کے زیرِ تسلّط سندھ کے شہر کھنڈرات کی تصویر پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تعمیر و ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ یہی ایک خاندان ہے، اس بے رحم خاندان کی قیام اور تفریح گاہیں بیرونِ ملک ہیں جہاں سے یہ صوبے کو لوٹنے آتے ہیں اور سندھ کے عوام کا پیسہ لوٹ کر یہ خاندان امارات میں عیش کرتا ہے جبکہ اہلِ سندھ بنیادی وسائل کیلئے ترستے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اپنے ظالمانہ راج کو برقرار رکھنے کیلئے یہ خاندان صوبے کو پسماندہ، اس کے شہر و دیہات کو ترقی و سہولیات سے محروم رکھتا اور سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرتا ہے، اس مجرم خاندان کی وجہ سے مقامی کاروباری حضرات بھی پیسہ باہر منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’اس خاندان کی بدانتظامی اور بے رحم راج کے باعث محض چھ برس کی مدت میں کم و بیش 10.4 ارب ڈالرز دبئی منتقل ہوئے، ملک بھر کیطرح سندھ میں بھی سیاسی شعور اپنی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور صوبے کے عوام اس خاندان سے دائمی نجات کیلئے تیار ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سندھ کے نوجوان اپنے مستقبل کیلئے آگے آئیں اور قیادت کا فریضہ سرانجام دیں، ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی نوجوانوں کو عوامی نمائندگی و قیادت کا ذمہ سونپیں گے اور بڑی تعداد میں نئے چہروں کو انتخابی میدان میں اتاریں گے‘۔
عمران خان نے اپیل کی کہ 8 فروری کو اہلِ سندھ خوف کی زنجیریں توڑ کر نکلیں اور اپنے ووٹ کو اپنے مستقبل کا ضامن و محافظ بنائیں، اہلِ سندھ خصوصاً نوجوانوں نے دھاندلی کی راہ روک لی تو تحریک انصاف ہی میدان مارے گی اور سندھ تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا، ان شاء اللہ
Comments
0 comment