فواد چوہدری کی عمران خان کی رہائی کیلیے تحریک شروع کرنے کا اعلان، پی ٹی آئی قیادت پر سنگین الزامات

ویب ڈیسک
|
17 Feb 2025
جہلم: فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کے لیے نئی کوششوں کا اعلان کیا۔
جہلم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے پارٹی کی موجودہ قیادت پر سخت تنقید کی اور عمران خان کی رہائی کے لیے نئی کوششوں کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو گرینڈ الائنس بنانے نہیں دیا گیا، جس کی ذمہ دار موجودہ قیادت ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی پر ہونے والے مظالم کو عوام کے سامنے واضح کرنے کے لیے ایک لیٹر لکھا گیا ہے، جس میں ان کے خلاف ہونے والی ناانصافیوں کو بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تین سال پہلے عمران خان کا سیاسی حل نکال لیا جاتا تو ملک کے حالات بہتر ہوتے۔
معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 33 فیصد ٹیکسٹائل ملز بند ہونے سے معیشت بیٹھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ پر پابندی کی وجہ سے ڈالر مستحکم نظر آ رہا ہے، لیکن ملک میں مکمل طور پر جعلی معیشت چلائی جا رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام لانے کی واحد صورت عمران خان کی رہائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کی پرانی قیادت کو اکٹھا کرنے اور عمران خان کی رہائی کے لیے ایک ریلیز کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے قانونی اور سیاسی جدوجہد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں 600 دن ہو چکے ہیں، لیکن موجودہ قیادت ان کی رہائی میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تمام کیسز ایک بار پھر ملتوی کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد انہیں تنہائی کی قید میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈر ہے کہ عمران خان کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سلیمان اکرم راجہ، وقاص اکرم، اور روف حسن کی عمران خان سے ہمدردیاں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیمان اکرم راجہ پانامہ کیس میں نواز شریف کے معاون رہے ہیں، اور ان کی دلچسپی صرف پیسہ کمانے میں ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وکلاء ٹیم اور میڈیا ٹیم کی فنڈنگ کا کبھی آڈٹ نہیں کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹیم کے ہیڈ سلیمان راجہ اور لیگل ٹیم کے ہیڈ شیخ وقاص ہیں، جو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے واضح طور پر جڑے ہوئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ قیادت کے ہوتے عمران خان کی رہائی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیل میں طویل قید سے پاکستان تقسیم ہو چکا ہے، اور جب تک ان کی سیاسی حقیقت کو تسلیم نہیں کیا جاتا، سیاسی عدم استحکام برقرار رہے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ان کے خلاف صوبے بھر میں 48 کیسز بنائے گئے ہیں، جبکہ موجودہ قیادت پر ایک بھی کیس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈھائی سال سے ای سی ایل پر ہیں، جبکہ موجودہ قیادت فنڈنگ کے لیے غیر ملکی دوروں پر جاتی رہتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے نئی کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور وہ پرانی قیادت کو اکٹھا کر کے اس جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت کے ہوتے عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہے، اور ملک کو سیاسی استحکام دلانے کے لیے عمران خان کی رہائی ناگزیر ہے۔
Comments
0 comment