کراچی: تیسرے روز بھی زلزلوں کی زد میں، شہریوں میں خوف و ہراس

Webdesk
|
3 Jun 2025
کراچی : شہر قائد میں گزشتہ تین روز کے دوران آنے والے زلزلوں کی تعداد 19 ہوگئی، مسلسل آنے والے زلزلوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں 19واں زلزلہ 11 بج کر 34 منٹ پر آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 2.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 30 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز ڈی ایچ اے سٹی کے شمال مشرق میں 15 کلو میٹر کی دوری پر تھا۔اس سے قبل، کورنگی میں صبح بھی زلزلہ آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3.2 رہی جبکہ گہرائی 11 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ صبح 6 بجکر 42 منٹ پر ریکارڈ ہوا، جس کا مرکز کورنگی کے جنوب مغرب میں 29 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔اسی طرح، شہر کے مختلف علاقوں میں پیر کی رات 8 بج کر 49 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
لانڈھی، کورنگی، ملیر سمیت دیگر علاقوں کے شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے اور وہ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.0 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی زیر زمین 13 کلومیٹر اور مرکز ڈی ایچ اے کے مشرق سے 30 کلومیٹر دور تھا۔واضح رہے کہ کراچی میں اتوار کی شام سے زلزلوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور اب تک بہت زیادہ جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین نے ان زلزلوں کی سائنسی وجہ بیان کی اور کہا ہے کہ ان سے شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ اب آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جو کچھ روز تک یوں ہی جاری رہ سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق رات 12:00 بجے لانڈھی شیر پا قائد آباد محمد نگر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ متعدد گھروں کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں جبکہ خواتین، بزرگ اور بچوں نے پارک میں پناہ لے لی اورعلاقے کی مساجد میں اذانیں دی جانے لگیں۔
رات 12بجے سے قبل و بعد آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شہری ایک بار پھر گھروں سے باہر نکل آئے، متعدد گھروں کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں،خواتین بزرگ بچوں نے پارک میں پناہ لے لی،علاقے کی مساجد اذانیں دی گئیں
Comments
0 comment