کراچی کے صارفین کیلیے بجلی کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

ویب ڈیسک
|
16 Apr 2025
کے الیکٹرک نے نیپرا کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی عوامی سماعت میں فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے تحت بجلی کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی۔
اس کے ساتھ ہی، کمپنی نے جولائی 2023 سے فروری 2025 تک کی فیول لاگت کی منظوری بھی مانگی تھی۔
کے الیکٹرک کے حکام کا کہنا تھا کہ ان کی 13.9 ارب روپے کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ ابھی زیر التوا ہے۔ نیپرا کے رکن رفیق احمد شیخ نے نشاندہی کی کہ نومبر سے منفی فیول چارجز کی ایڈجسٹمنٹ جاری ہے، جس سے صارفین کو ریلیف ملنا چاہیے تھا، لیکن کے الیکٹرک پرانی ایڈجسٹمنٹس پیش کر رہی ہے۔
ایک صارف نے شکایت کی کہ "پورے منفی ایف سی اے کا ریلیف اس بار بھی صارفین کو نہیں دیا جا رہا"۔ رفیق احمد شیخ نے کے الیکٹرک کو خبردار کیا کہ اگر وہ خراب میٹرز کو تبدیل نہیں کریں گے تو اس کا نقصان انہیں خود اٹھانا پڑے گا۔
اگر نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست کو من و عن منظور کر لیتا ہے، تو صارفین کو 6 ارب 60 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
یہ کمی کے الیکٹرک کے تمام صارفین پر لاگو ہوگی، سوائے لائف لائن، پروٹیکٹڈ صارفین، پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے۔
نیپرا اب اپنے ڈیٹا کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ایک تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا۔ جلد ہی حتمی اعلان کی توقع ہے، جس سے شہر قائد کے بجلی صارفین کو کچھ ریلیف مل سکتا ہے۔
Comments
0 comment