ملیر جیل سے قیدی کیسے فرار ہوئے؟ رپورٹ سامنے آگئی

ویب ڈیسک
|
3 Jun 2025
ملیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ نے بتایا کہ گزشتہ رات زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد قیدیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے جیل کے دروازے توڑ کر فرار کی کوشش کی۔
واقعے کے دوران 216 قیدی فرار ہوئے، جن میں سے 78 کو پکڑ لیا گیا ہے، جب کہ 138 اب بھی فرار ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق، قیدیوں نے جیل اسپتال، انٹرویو بوتھ اور دیگر حصوں میں توڑ پھوڑ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک قیدی ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوئے، جب کہ کچھ جیل عملے کے اراکین بھی زخمی ہوئے۔
آئی جی جیل سندھ قاضی نظیر نے کہا کہ زلزلے سے جیل کی دیواروں کو نقصان پہنچا، جس کے بعد قیدیوں نے دروازے توڑ کر فرار کی کوشش کی۔
انہوں نے فرار ہونے والے قیدیوں کے رشتہ داروں سے اپیل کی کہ وہ انہیں واپس بھیجیں، ورنہ پولیس سخت کارروائی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ جلد ہی بیشتر فرار ہونے والے قیدیوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق، یہ واقعہ کسی لاپروائی کی بجائے قدرتی آفت اور قیدیوں کے خوف کی وجہ سے پیش آیا۔
Comments
0 comment