نیپرا نے حکومتی درخواست منظور کرلی، گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا یونٹ کتنے کا ہوگیا؟
Webdesk
|
11 Jul 2024
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف زیادہ سے زیادہ 48.84 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی اور 200 یونٹ صارفین کو 3 ماہ کے لیے اضافے میں استثنیٰ کی حکومت درخواست بھی منظور کرلی۔
نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے یکساں ٹیرف پر اپنا فیصلہ سنادیا۔
نیپرا کے جاری کئے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے تک والے صارفین کو تین ماہ کے لیے اضافے سے مستثنیٰ ہوگا۔
دیگر گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7 روپے 12 پیسے تک بڑھے گا، جس کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے اور بجلی کا ٹیرف بڑھانے کے لیے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلیے وفاقی حکومت بھیج دیا گیا ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ فی یونٹ ٹیرف 48.84 روپے ہوگا۔
حکومتی درخواست کے مطابق نیپرا نے ماہانہ 201 سے 300 یونٹ والے صارفین کا ٹیرف 7.12 روپے کے اضافے کے ساتھ34.26 روپے، 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 7.02 روپے اضافے سے 39.15 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
Comments
0 comment