اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 ججز کو دھمکی آمیز خطوط موصول
Webdesk
|
2 Apr 2024
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 8 ججز کو پاؤڈر سے بھرے دھمکی آمیز خطوط بھیجے گئے ہیں، جس پر پولیس نے ماہرین کو طلب کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 8ججز کو پاؤڈر سے بھرے خطوط بھیجے گئے ہیں، دو ججز کے عملے نے خطوط کھولت تو اس کے اندر پاؤڈر موجود تھا، خط کھولنے کے بعد آنکھوں میں جلن شروع ہوگئی۔
خطوط ملنے پر اسلام آباد پولیس کی ایکسپرٹس کی ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی جس نے خطوط کے اندر سے ملنے والے پاؤڈر کی جانچ پڑتال شروع کردی۔ متاثرہ اہل کار نے فوری طور پر سینیٹائزر استعمال کیا اور منہ ہاتھ دھویا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق کسی خاتون نے بغیر اپنا ایڈریس لکھے خط ہائیکورٹ ججز کو ارسال کیے ہیں، خط کے اندر ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے، آٹھ مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں یہ خطوط چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ججز کو بھیجے گئے ہیں، خط ریشم اہلیہ وقار حسین نامی خاتون نے لکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی آئی جی سیکیورٹی کو فوری طور پر طلب کرلیا، ججز کو ملنے والے مشکوک خطوط کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیے گئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے خط ملنے کی تصدیق کردی اور کہا ہے کہ ہمیں خط موصول ہوئے ہیں، آج کی سماعت میں تاخیر کی ایک وجہ یہی تھی، بنیادی طور پر ہائیکورٹ کو تھریٹ کیا گیا ہے۔
Comments
0 comment