سندھ حکومت کا بنیان مرصوص کے شہدا کو 1 کروڑ اور زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

ویب ڈیسک
|
16 May 2025
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے جمعے کے روز ہندوستان کے ساتھ حالیہ فوجی تصادم "آپریشن بُنیانِ مرصُوص" کے دوران شہید ہونے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان انہوں نے یادگارِ شہدا کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے ملک کی خودمختاری کی حفاظت میں اپنی جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ "سندھ کے بھولاری ائیربیس پر کم از کم 6 پاکستانی جوان شہید ہوئے، جبکہ گھوٹکی میں ایک شہری مختار لغاری بھارتی حملوں میں جاں بحق ہوا، جس میں ہندوستان نے فوجی اور شہری دونوں علاقوں کو نشانہ بنایا۔"
معاوضے کا اعلان کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر شہید کے اہل خانہ کو 1 کروڑ روپے اور ہر زخمی کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ وطن کی حفاظت ہر پاکستانی کا اولین فرض ہے، اور ہم اپنے ملک کے وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔"
میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا، "پورا ملک بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔ ہمارے مسلح افواج نے بہادری اور مؤثر طریقے سے جواب دیا ہے۔"
انہوں نے سندھ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے یوم تشکر منانے کی اپیل کی اور کہا کہ "شہداء کے لیے دعا کریں اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ اس فتح کو پاکستان کی ترقی اور بہتری کے لیے استعمال کریں۔"
Comments
0 comment