4 hours ago
کرک میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ڈرائیور نے کئی گاڑیوں کو روند دیا، درجن سے زائد ہلاکتیں
ویب ڈیسک
|
11 Jan 2025
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں ٹرالر نے کئی گاڑیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں اموات کی تعداد 12 تک پہنچ گئی۔
ڈپٹی کمشنر کرک نے بتایا کہ حادثہ انڈس ہائی وے امبیری کلہ چوک پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرالہ ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر کئی گاڑیوں کو روندتا ہوا چلا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ امبیری کلہ چوک پر حادثے میں جاں بحق و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ اسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے، مرنے والوں کی تعداد 12 ہوگئی جبکہ 13 زخمی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ 22 وہیلر ٹرالر کا بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، ایک مسافر بس ٹرالر کے نیچے دب گئی، ٹرالر کے نیچے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، مسافر کوچ ٹرالر کے نیچے دبی ہوئی ہے جس میں سے زخمیوں کو نکالا جارہا ہے، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں حادثے کے مقام پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا نے کرک میں ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کرلیں، گورنر نے محکمہ صحت کو زخمیوں کو ہرممکن امداد کی فراہمی کی ہدایات جاری کی ہیں۔
Comments
0 comment