بھارت میں اورنگزیب کے مزار کو لے کر تنازعہ: مغل بادشاہ کے جانشین نے اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کر دی

بھارت میں اورنگزیب کے مزار کو لے کر تنازعہ: مغل بادشاہ کے جانشین نے اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کر دی

اورنگزیب بادشاہ کا مزار خلد آباد میں ہے
بھارت میں اورنگزیب کے مزار کو لے کر تنازعہ: مغل بادشاہ کے جانشین نے اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کر دی

ویب ڈیسک

|

16 Apr 2025

بھارت میں مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کے مزار کو لے کر جاری تنازعے کے درمیان، ایک شخص نے خود کو آخری مغل حکمران بہادر شاہ ظفر کا جانشین بتاتے ہوئے اقوام متحدہ کو خط لکھ کر تاریخی مقام کے تحفظ کی درخواست کی ہے۔  

حال ہی میں ہندوتوا انتہا پسند تنظیموں نے اورنگزیب کی قبر کو مسمار کرنے کی مہم تیز کر دی ہے، جس میں ان کا دعویٰ ہے کہ مسلم بادشاہ نے اپنے دور میں ہندوؤں پر مظالم کیے تھے اور ہندوستانی ثقافت و تاریخی شناخت کے لیے خطرہ تھا۔  

اورنگزیب کا مزار خلدآباد میں واقع ہے، جو اورنگ آباد ضلع میں ہے اور جس کا نام بدل کر چھترپتی سمبھاجی نگر رکھ دیا گیا ہے۔  

مارچ میں ناگپور میں وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے احتجاج کے بعد فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے، جو تشدد پر منتج ہوئے اور کرفیو نافذ کرنا پڑا۔  

یعقوب حبیب الدین توسی، جنہوں نے خود کو مغل بادشاہ سے منسلک وقف املاک کا متولی (کیئرٹیکر) بتایا ہے، نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھا۔  

اپنے خط میں توسی نے نشاندہی کی کہ بادشاہ کی قبر کو "قومی اہمیت کا تاریخی مقام" قرار دیا گیا ہے، جو 1958 کے قدیم یادگاروں اور آثار قدیمہ کے مقامات کے تحفظ کے قانون کے تحت محفوظ ہے۔ اس قانون کے مطابق، محفوظ مقامات پر یا ان کے قریب کسی غیر مجاز تعمیر، تبدیلی، تخریب یا کھدائی کی اجازت نہیں ہے۔  

انہوں نے بین الاقوامی برادری سے توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے زور دیا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عالمی اقدامات کے مطابق حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔  

توسی نے کہا کہ "فلموں، میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر تاریخی حقائق کو غلط طور پر پیش کرنے کی وجہ سے عوامی جذبات کو بھڑکایا گیا ہے، جس کی وجہ سے بے جا احتجاج، نفرت انگیز مہمات اور مجسموں کو جلانے جیسے علامتی تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔"  

انہوں نے خبردار کیا کہ "ایسے تاریخی مقامات کی تخریب، نظرانداز یا غیرقانونی تبدیلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی"، کیونکہ ہندوستان 1972 کے یونیسکو کنونشن برائے تحفظ ثقافتی و قدرتی ورثہ کا دستخط کنندہ ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!