لندن میں ٹرمپ کے خلاف بڑا مظاہرہ

لندن میں ٹرمپ کے خلاف بڑا مظاہرہ

امریکی صدر کے متنازع منصوبے کیخلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکلے
لندن میں ٹرمپ کے خلاف بڑا مظاہرہ

Webdesk

|

16 Feb 2025

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ سے متعلق متنازع منصوبے پر لندن میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور یک زبان ہوکر نعرہ لگایا کہ غزہ برائے فروخت نہیں ہے۔

لندن میں ٹرمپ کے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ ہزاروں افراد نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے امریکی سفارت خانے کے باہر جمع ہو کر اس منصوبے کے خلاف اپنا غم و غصہ ظاہر کیا۔ مظاہرین نے "قبضہ نہیں آزادی"، "غزہ برائے فروخت نہیں"، اور "نسلی صفائی نامنظور" جیسے نعروں کے ساتھ پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین نے امریکا کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف نئے منصوبے کی شدید مذمت کی اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کو مزید بڑھانے کی کوشش ہے اور اس سے خطے میں تناؤ میں اضافہ ہوگا۔

احتجاجی مظاہرین نے امریکی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنا نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

یہ احتجاجی مارچ لندن کے علاوہ دنیا بھر کے مختلف شہروں میں بھی منعقد ہوا، جہاں لوگوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے منصوبے کے خلاف اپنی مخالفت کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ عالمی برادری اس منصوبے کو مسترد کرے اور فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔

اس احتجاجی مارچ میں شریک افراد نے زور دیا کہ فلسطینیوں کی آزادی اور ان کے حقوق کا تحفظ بین الاقوامی امن کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ان کے خلاف ہونے والی ناانصافیوں کو روکنا چاہیے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!