7 hours ago
ایرانی آرمی چیف کا فیلڈ مارشل سے رابطہ، جنگ کے میں حمایت اور تعاون پر حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا

ویب ڈیسک
|
30 Jun 2025
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی اور تعاون پر پاکستان کا گہرا شکریہ ادا کیا، اور پاکستانی حکومت اور عوام کے اصولی موقف کی تعریف کی۔
ایرانی خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، میجر جنرل موسوی نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اپنا تشکر ادا کیا۔ انہوں نے ایران کے خلاف بلااشتعال اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت اور تعاون کی تعریف کی۔
گفتگو کے دوران ایرانی کمانڈر نے "صیہونی جارحیت" میں امریکی ملوثیت کی مذمت کی اور الزام لگایا کہ واشنگٹن نے ایران کے جوابی حملوں سے اسرائیل کو بچانے کے لیے اپنی پوری فوجی طاقت استعمال کی۔
موسوی کے بقول، "امریکہ نہ صرف براہ راست جنگ میں شامل ہوا بلکہ اس نے ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں سے صیہونی حکومت کو بچانے کے لیے اپنی مکمل فوجی صلاحیت بروئے کار لائی۔"
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ امریکہ کے علاوہ کئی مغربی ممالک نے بھی تنازعے کے دوران اسرائیل کو اخلاقی اور مادی حمایت فراہم کی۔
ایرانی کمانڈروں کی شہادت اور ابتدائی نقصانات کے باوجود، موسوی نے کہا کہ ایران دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا اور بالآخر انہیں جنگ بندی پر مجبور کر دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے خلاف بڑا حملہ کیا، جس میں مسلح افواج اور انقلابی گارڈز کے سربراہان سمیت اعلیٰ فوجی قائدین کو نشانہ بنایا گیا اور کئی جوہری تنصیبات پر بمباری کی گئی۔
جوابی کارروائی میں ایران نے 12 روزہ جنگ میں اسرائیل کے اہم فوجی اڈوں پر حملہ کیا۔ امریکہ اسرائیل کی حمایت میں میدان میں اتر آیا اور 22 جون کو نطنز، فوردو اور اصفہان میں ایران کے اہم جوہری مراکز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔
ایران نے جواب میں قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے۔ ان واقعات کے بعد امریکہ نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا، جو 24 جون کو ایران اور اسرائیل کے درمیان نافذ ہوئی۔
Comments
0 comment