بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم کیخلاف احتجاج میں آج 70 سے زائد افراد ہلاک
Webdesk
|
19 Jul 2024
بنگلادیش میں سرکاری نوکریوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کے شدید احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی کل تعداد 100 سے زائد ہوگئی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آج ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں کم و بیش 75 افراد ہلاک ہوئے جبکہ صرف ڈھاکا شہر میں 52 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔رواں ہفتے اب تک کم از کم 105 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
احتجاج کرنے والے طلبہ نے آج وسطی بنگلا دیش کے ضلع نرسنگدی کی سینٹرل جیل پر حملہ کرکے قیدیوں کو رہا کردیا اور جیل کو آگ لگادی، پولیس ذرائع کے مطابق جیل سے رہا کروائے گئے قیدیوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔
دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ہلاک ہونے والوں میں نصف سے زائد افراد پولیس کی فائرنگ سے جان گنوا بیٹھے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیے جانے کے خلاف گزشتہ کئی روز سے طلبہ کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے ۔
Comments
0 comment